صدر ٹرمپ ورلڈ کپ فائنل میں فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے
اختتامی تقریب میں صدر ٹرمپ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے ہمراہ شریک ہوں گے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں شرکت کریں گے، جہاں وہ اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے فیصلہ کن مقابلے کے اختتام پر فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔
فائنل میچ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اختتامی تقریب میں صدر ٹرمپ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کسی فیفا ورلڈ کپ میچ میں اسٹیڈیم جا کر شرکت کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران ٹرمپ اس وقت بھی خبروں میں آئے تھے جب انہوں نے مبینہ طور پر فیفا حکام سے امریکی کھلاڑی فولارن بالوگن کے ریڈ کارڈ کے معاملے پر رابطہ کیا تھا، جس کے بعد کھیلوں میں اثر و رسوخ اور شفافیت پر بحث شروع ہوگئی تھی۔
نیویارک میں فیفا کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ورلڈ کپ 2026 کو تاریخ کے کامیاب ترین کھیلوں کے مقابلوں میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ نے نہ صرف عالمی سطح پر غیر معمولی توجہ حاصل کی بلکہ امریکا میں بھی فٹبال کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کے بیٹے بیرن ٹرمپ فٹبال کے شوقین ہیں، جبکہ خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور ان کے والد وکٹر کناوس بھی فائنل میچ دیکھنے کے لیے ان کے ہمراہ اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔