ورلڈ کپ فائنل سے قبل میکسیکو میں 750 جوڑوں کی اجتماعی شادی
ورلڈ کپ فائنل سے قبل ہونے والی اس منفرد تقریب کو کھیل، محبت اور سماجی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے،
میکسیکو سٹی: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل میکسیکو کے شہر گواڈالاخارا میں ایک منفرد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں 750 جوڑوں نے اجتماعی شادی میں شرکت کرکے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔
تقریب کا مقصد ورلڈ کپ کی خوشیوں کو محبت، یکجہتی اور کھیل کے جذبے کے ساتھ منانا تھا۔ اس موقع پر دلہا اور دلہنیں فٹبال کے ماحول میں قائم خصوصی فین زون میں جمع ہوئے اور شادی کی رسومات ادا کیں۔
تقریب میں شریک نوبیاہتا جوڑے بھی اس یادگار لمحے سے بے حد خوش دکھائی دیے۔ ایک دلہن کارمین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کی دو بڑی خوشیوں، ایک دوسرے سے محبت اور فٹبال سے وابستگی، کو ایک ہی موقع پر یکجا کر دیا۔
منتظمین کے مطابق اس اجتماعی شادی نے ورلڈ کپ کے جشن کو مزید رنگین بنا دیا اور دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
ورلڈ کپ فائنل سے قبل ہونے والی اس منفرد تقریب کو کھیل، محبت اور سماجی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔