فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی میں کتنا سونا؟ فاتح کو کیوں نہیں ملے گی
سونے کی موجودہ مالیت تقریباً 7 لاکھ 13 ہزار امریکی ڈالر تک جا پہنچی ہے، جبکہ 2022 کے ورلڈ کپ کے وقت اس کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 77 ہزار ڈالر تھی۔
نیویارک: فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی کی مالیت سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ٹرافی میں استعمال ہونے والے سونے کی موجودہ مالیت تقریباً 7 لاکھ 13 ہزار امریکی ڈالر تک جا پہنچی ہے، جبکہ 2022 کے ورلڈ کپ کے وقت اس کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 77 ہزار ڈالر تھی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران سونے کی قیمت میں تقریباً 157 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ورلڈ کپ ٹرافی کی دھات کی مالیت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 4 ہزار 100 ڈالر فی اونس سے بھی تجاوز کر گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ٹرافی میں موجود سونے کی قیمت لاکھوں ڈالر بنتی ہے، تاہم اس کی تاریخی، علامتی اور عالمی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً 2 کروڑ امریکی ڈالر سمجھی جاتی ہے۔
موجودہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پہلی بار 1974 میں متعارف کرائی گئی تھی۔ اسے اطالوی مصور اور ڈیزائنر سلویو گازانیگا نے تخلیق کیا تھا۔ ٹرافی 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی ہے، اس میں تقریباً 4.93 کلوگرام خالص سونا استعمال ہوا ہے اور اس کی بنیاد پر سبز رنگ کے قیمتی پتھر ملاکائٹ کے دو حلقے نصب ہیں۔ ٹرافی کی اونچائی تقریباً 14.4 انچ جبکہ وزن 13.6 پاؤنڈ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم اصل ٹرافی اپنے پاس نہیں رکھ سکتی۔ اصل ٹرافی فیفا کی ملکیت ہوتی ہے اور مستقل طور پر زیورخ میں واقع فیفا میوزیم میں محفوظ رکھی جاتی ہے۔ عالمی چیمپئن ٹیم کو سونے کی چڑھائی ہوئی کانسی کی ایک نقل دی جاتی ہے، جسے “ورلڈ کپ ونر ٹرافی” کہا جاتا ہے۔
اصل ٹرافی کے نچلے حصے پر 1974 سے ہر ورلڈ کپ جیتنے والے ملک کا نام اس کی اپنی زبان میں کندہ کیا جاتا ہے، جبکہ اس پر 2038 کے ورلڈ کپ تک کے فاتحین کے نام درج کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ اب تک اس اعزاز پر صرف یورپ اور جنوبی امریکا کی ٹیموں کا غلبہ رہا ہے، جن میں جرمنی، ارجنٹائن، برازیل، اٹلی، فرانس اور اسپین شامل ہیں۔