حسن علی کے بھارت میں تشدد کا دعویٰ جھوٹا نکلا، اہلیہ نے حقیقت بتا دی

بھارت گئے ہوئے تین سال ہو چکے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ لوگ اب بھی انہیں وہاں بہت یاد کرتے ہیں۔

July 20, 2026 · اسپورٹس

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک وائرل ویڈیو کے بارے میں ان کی اہلیہ سامیہ خان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

گزشتہ چند روز سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو شیئر کی جا رہی تھی، جس کے ساتھ یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بھارت میں ایک شخص کو ٹرین میں جیب تراشی کے الزام میں پکڑا گیا اور وہ پاکستانی کرکٹر حسن علی ہیں۔ تاہم ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی اور نہ ہی اس بات کے شواہد سامنے آئے کہ وہ حسن علی ہیں۔

اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے سامیہ خان نے کہا کہ وہ اور حسن علی گزشتہ تین برس سے بھارت نہیں گئے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی خبر یا ویڈیو کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرنا ضروری ہے تاکہ غلط معلومات پھیلنے سے روکا جا سکے۔

سامیہ خان نے مزید کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ لوگ بغیر تحقیق کے ایسی خبروں پر یقین کر لیتے ہیں اور انہیں آگے پھیلا دیتے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارت گئے ہوئے تین سال ہو چکے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ لوگ اب بھی انہیں وہاں بہت یاد کرتے ہیں۔

ادھر سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے بھی وائرل دعوے پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ ویڈیو میں موجود شخص کی حسن علی سے واضح مشابہت نہیں۔ کئی صارفین نے بغیر تصدیق ایسی معلومات پھیلانے کو غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیتے ہوئے خبروں کی جانچ پڑتال کی ضرورت پر زور دیا۔