ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کااسپینش فٹبالرز پر تشدد،پاریدیس پر10 میچوں کی پابندی کامطالبہ
سابق فیفا ریفری نے تلخ مناظر پر سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا
فائل فوٹو
انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبال (فیفا) کو 2026 کے ورلڈ کپ فائنل کے بعد پیدا ہونے والے تلخ مناظر اور بداخلاقی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پاریدیس پر کم از کم 10 میچوں کی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انگلش پریمیئر لیگ کے سابق چیف ریفری کیتھ ہیکیٹ کا کہنا ہے کہ ایسی سزا کھیل میں ڈسپلن کی مثال قائم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اس وقت ماحول کشیدہ ہوگیا جب اینزو فرنانڈیز کو پو کُبارسی پر فاؤل کرنے پر دوسرا یلو کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
ریفری سلاوکو ونچچ کی جانب سے فائنل کی فتح کی وسل بجانے کے بعد، جب اسپین کی ٹیم دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنی اور کوچ لوئس ڈی لا فونٹے کے کھلاڑی میدان میں جشن منانے لگے، تو گراؤنڈ میں ہنگامہ شروع ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے کھلاڑی ناہوئیل مولینا نے روڈری کو مکا مار کر ہنگامے کی شروعات کی، جس کے بعد بوکا جونیئرز کے اسٹار لیانڈرو پاریدیس نے ایرک گارسیہ اور گاوی کو گراؤنڈ کے وسط میں نشانہ بنایا۔
کیتھ ہیکیٹ نے ‘فٹبال انسائیڈر’ سے گفتگو کرتے ہوئے پاریدیس کے رویے کو “شرمناک اور ناقابلِ قبول” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا اسٹیج ہے اور جو کچھ ہوا وہ حد درجہ افسوسناک اور ناقابلِ برداشت تھا، اس پر کم از کم 10 میچوں کی پابندی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریفری نے اپنا کام کرتے ہوئے ریڈ کارڈ دکھایا، جبکہ فیفا دنیا بھر میں نشر ہونے والی ان تصاویر سے یقیناً ناخوش ہوگی۔ ان کے مطابق یہ اچھا فائنل نہیں تھا، کھیل کی خوبصورتی کہیں گم ہوگئی اور ورلڈ کپ کا اختتام تشدد اور نامناسب رویے پر ہوا۔
کیتھ ہیکیٹ نے کہا کہ اب فیفا کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھیل کا وقار اور اپنا نظم و ضبط بحال کرے۔
عالمی کپ کی تاریخ میں میچ کے بعد کارروائی کی مثالیں انتہائی کم ملتی ہیں، تاہم اگر فیفا سخت قدم اٹھاتی ہے تو پاریدیس ایک نیا ریکارڈ بنا سکتے ہیں۔
2014 میں لوئس سواریز کو اطالوی کھلاڑی جیورجیو کیئلینی کو دانت کاٹنے پر 9 بین الاقوامی میچوں کی پابندی اور 4 ماہ کے لیے تمام فٹبال سرگرمیوں سے معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اسی طرح 1994 میں مورو تاسوتی کو لوئس اینریکے کو کہنی مارنے پر 8 میچوں کی پابندی ہوئی تھی، جبکہ 1986 میں خوسے باٹسٹا کو شدید فاؤلنگ پر 3 میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔