امریکا، ایران کشیدگی برقرار، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل ستمبر کی ترسیل کے لیے تقریباً 82.47 ڈالر فی بیرل پر برقرار رہا

July 21, 2026 · کامرس

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں منگل کے روز خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق سرمایہ کار خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ساتھ ساتھ ممکنہ سفارتی پیش رفت پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

برینٹ خام تیل کی قیمت میں 35 سینٹ کی کمی کے بعد یہ 88.87 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل ستمبر کی ترسیل کے لیے تقریباً 82.47 ڈالر فی بیرل پر برقرار رہا۔ دونوں معاہدے گزشتہ روز کی بلند ترین سطح سے نیچے ٹریڈ کرتے رہے۔

دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کی دھمکی نے خطے میں توانائی کی فراہمی اور اہم تجارتی راستوں کے حوالے سے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی کی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔

ادھر سفارتی ذرائع کے مطابق ایران کو ثالث ممالک کی جانب سے جنگ بندی کی ایک نئی تجویز موصول ہوئی ہے، جس کا مقصد جاری تنازع میں کمی لانا اور مذاکرات کے ذریعے مستقل حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔

اس دوران امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف مختلف دعوے کیے جا رہے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ جغرافیائی سیاسی صورتحال تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، تاہم جنگ بندی اور مذاکرات کی امیدوں نے فی الحال مارکیٹ میں تیزی کو محدود رکھا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ دنوں میں قیمتوں کا انحصار خطے کی صورتحال اور سفارتی پیش رفت پر ہوگا۔

امریکا میں خام تیل کے ذخائر سے متعلق ابتدائی اندازوں میں بھی کمی کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل اور دیگر ایندھن کے ذخائر میں اضافے کا امکان بتایا جا رہا ہے، جو آنے والے دنوں میں عالمی منڈی کے رجحان پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔