14 سال بعد پاکستان نے ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا
یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کا نتیجہ ہے، جس سے مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج کی امید کی جا رہی ہے۔فیڈریشن
پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 سال بعد ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے باضابطہ طور پر پاکستان کی ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے اور اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو باضابطہ اطلاع بھی ارسال کی گئی ہے۔
اے ایچ ایف کے صدر فومیو اوگورا کی جانب سے تہنیتی پیغام میں کہا گیا کہ پاکستانی ٹیم نے ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ 2026 میں بہترین کارکردگی اور نمایاں رینکنگ کی بدولت ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس کامیابی پر قومی جونیئر ویمنز ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے خواتین کی ہاکی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کا نتیجہ ہے، جس سے مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج کی امید کی جا رہی ہے۔