ڈیوڈ وارنر نے شراب نوشی کے بعد ڈرائیونگ کا جرم تسلیم کرلیا

کرکٹر نے ایک دوست کے گھر تین گلاس شراب پی تھی اور اس کے بعد گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا،

July 22, 2026 · اسپورٹس

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے مقدمے میں اپنا جرم تسلیم کر لیا ہے، جس کے بعد بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی تھنڈرز کی کپتانی بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویورلے لوکل کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران وارنر کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سابق آسٹریلوی اوپننگ بلے باز نے مڈ رینج ڈرنک ڈرائیونگ کے الزام کو قبول کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق 5 اپریل کو سڈنی کے مشرقی علاقے میں روڈ سائیڈ چیکنگ کے دوران وارنر کو روکا گیا، بعد ازاں انہیں مزید ٹیسٹ کے لیے ماروبرا پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جہاں ان کے خون میں الکحل کی مقدار 0.104 ریکارڈ کی گئی، جو مقررہ حد سے زیادہ تھی۔

وارنر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کرکٹر نے ایک دوست کے گھر تین گلاس شراب پی تھی اور اس کے بعد گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا، جس پر انہیں افسوس ہے۔ وکیل کے مطابق وارنر اپنے عمل کو غلط اور غیر ذمہ دارانہ سمجھتے ہیں اور قانون کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ عدالت کی جانب سے ڈیوڈ وارنر کو 18 اگست کو سزا سنائی جائے گی۔

اس معاملے کے بعد سڈنی تھنڈرز کی قیادت بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے عمل کے خلاف سخت پالیسی رکھتا ہے۔