عمان کا خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کا اعلان

موجودہ حالات میں کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کیا جائے اور ایسے اقدامات سے بچا جائے جو بحیرہ احمر کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے

July 23, 2026 · بام دنیا

مسقط: عمان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں مزید تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سلطنت عمان، سعودی عرب، یمنی فریقوں اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن کے ساتھ مل کر سیاسی عمل کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، تاکہ یمن میں پائیدار امن اور خطے میں استحکام کی راہ ہموار کی جا سکے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کیا جائے اور ایسے اقدامات سے بچا جائے جو بحیرہ احمر کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں یا بین الاقوامی بحری آمدورفت اور جہاز رانی کی آزادی کو متاثر کریں۔

عمانی وزارت خارجہ نے کہا کہ اختلافات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات ہی مؤثر راستہ ہیں، جبکہ خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔