پنجاب میں شدید مون سون بارشیں،انتظامی اقدامات مزید تیز
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے
فائل فوٹو
پنجاب حکومت کی جانب سے مون سون بارشوں کے پیش نظر کیے گئے اقدامات کے باعث شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ مون سون بارشیں ہوئیں۔ لاہور میں سب سے زیادہ 383 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گوجرانوالہ میں 328، سیالکوٹ 321، نارووال 270، مری 211، منڈی بہاؤالدین 177 اور گجرات میں 144 ملی میٹر بارش ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق جہلم میں 115، حافظ آباد میں 108، منگلا 102، چکوال 96، شیخوپورہ 85، اوکاڑہ 72، جھنگ 66، ٹوبہ ٹیک سنگھ 57، اٹک 56، قصور 52، راولپنڈی 47، لیہ 35 اور ساہیوال میں 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، خانیوال، بہاولنگر اور بھکر میں بھی بارش ریکارڈ ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر دریاؤں، ڈیمز، بیراجز اور متعلقہ شہروں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی جاری ہے، جبکہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور نہروں کے اطراف حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مون سون اور سیلابی صورتحال کے دوران نہروں، دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب جانے اور نہانے کا خطرہ مول نہ لیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو کمزور اور ناقص چھتوں کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ایسی عمارتوں اور گھروں سے دور رہیں جہاں چھت گرنے کا خطرہ ہو۔
پنجاب حکومت کے مطابق 41 اضلاع میں واسا کے قیام، ایک ہزار سے زائد مشینری اور عملے کی موجودگی کے باعث بارشی پانی کی نکاسی ہفتوں کے بجائے گھنٹوں میں مکمل کی جا رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔