پاکستان کو بڑا دھچکا، عبداللہ فضل ٹیسٹ سیریز سے باہر

ایم آر آئی اسکین اور طبی معائنے کے بعد میڈیکل پینل نے انہیں مکمل بحالی کے لیے آرام اور ری ہیبلیٹیشن پروگرام اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

July 25, 2026 · اسپورٹس

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں نوجوان اوپنر عبداللہ فضل کمر کے نچلے حصے میں انجری کے باعث دونوں ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق عبداللہ فضل کو ٹرینیڈاڈ میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ سیشن کے دوران انجری کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق ایم آر آئی اسکین اور طبی معائنے کے بعد میڈیکل پینل نے انہیں مکمل بحالی کے لیے آرام اور ری ہیبلیٹیشن پروگرام اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ عبداللہ فضل کے متبادل کھلاڑی کے انتخاب سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم ٹیم انتظامیہ اس حوالے سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔

23 سالہ عبداللہ فضل نے رواں سال بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور اپنے پہلے ہی میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کر کے شاندار آغاز کیا۔ ویسٹ انڈیز سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی وہ دونوں اننگز میں ناٹ آؤٹ رہے اور 50 اور 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔

عبداللہ فضل کی عدم موجودگی میں مڈل آرڈر بیٹر اویس ظفر کے ٹیسٹ ڈیبیو کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، جبکہ امام الحق کے دوبارہ اوپننگ جوڑی کا حصہ بننے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عبداللہ فضل کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ہیں اور ان کی غیر موجودگی ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔