ویسٹ انڈیز سیریز کیلئے ٹیم مکمل تیار ہے، بابر اعظم

کپتانی ایک بڑی ذمہ داری ہے، تاہم ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے اور وہ تجربہ اب ٹیم کے لیے مثبت ثابت ہوگا۔

July 25, 2026 · اسپورٹس

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسکواڈ بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم گزشتہ کئی ہفتوں سے اس سیریز اور مستقبل کی بین الاقوامی سرگرمیوں کے لیے تیاری کر رہی ہے۔ کھلاڑیوں نے فٹنس، تکنیک اور کھیل کے مختلف پہلوؤں پر سخت محنت کی ہے۔

قومی کپتان نے دوبارہ ٹیسٹ قیادت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کپتانی ایک بڑی ذمہ داری ہے، تاہم ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے اور وہ تجربہ اب ٹیم کے لیے مثبت ثابت ہوگا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ قومی اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج موجود ہے، جو ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہونے والے نوجوان اوپنر عبداللہ فضل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت بیٹر ہیں اور انہوں نے اپنے ابتدائی ٹیسٹ میچز میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔

وکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث پچ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار ہو سکتی ہے، اس لیے میچ میں تیز گیند بازوں کا کردار اہم ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم اپنی محنت اور منصوبہ بندی کے مطابق کارکردگی دکھائے گی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔