ایل پی ایل میں شاہین آفریدی کو “ڈراپ” کرنے پر نیا تنازع کھڑا ہو گیا
میچ کے دوران انہیں آگاہ کیا گیا کہ ٹیم شیٹ میں غلطی کے باعث ان کا نام امپیکٹ پلیئر کے طور پر شامل ہی نہیں کیا گی
لنکا پریمیئر لیگ (LPL) ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آ گئی، جہاں پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے نے نئی بحث چھیڑ دی۔
ذرائع کے مطابق کینڈی رائلز اور کولمبو کیپس کے درمیان میچ سے قبل ٹیم مینجمنٹ نے شاہین آفریدی کو بتایا تھا کہ وہ “امپیکٹ پلیئر” کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ تاہم میچ کے دوران انہیں آگاہ کیا گیا کہ ٹیم شیٹ میں غلطی کے باعث ان کا نام امپیکٹ پلیئر کے طور پر شامل ہی نہیں کیا گیا، جس کے باعث وہ میچ میں شرکت نہ کر سکے۔
رپورٹس کے مطابق اس صورتحال پر شاہین آفریدی نے معاملے سے لیگ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکار کو بھی آگاہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اس واقعے پر ناراض ہو کر پاکستان واپسی کا ارادہ بھی رکھتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ میچ ریفری کے نوٹس میں آنے کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور لیگ انتظامیہ نے شاہین آفریدی سے معذرت کی، جس کے بعد انہوں نے ٹیم کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب لنکا پریمیئر لیگ کے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ کسی بدنیتی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ میچ ریفری کو غلط ٹیم شیٹ جمع کرانے کی وجہ سے پیش آیا۔
واضح رہے کہ رواں سیزن میں لنکا پریمیئر لیگ پہلے ہی مختلف تنازعات کا شکار رہی ہے۔ ایونٹ کے آغاز سے قبل جافنا کنگز کے بھارتی مالک کو مبینہ میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیے جانے کے بعد لیگ انتظامیہ نے ٹیم کے حقوق واپس لے لیے تھے، جس کے بعد سری لنکا کرکٹ نے ٹیم کے معاملات اپنی نگرانی میں لے لیے۔
رواں ٹورنامنٹ میں پاکستان کے محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر، عاکف جاوید اور امپائر آصف یعقوب بھی مختلف ٹیموں کے ساتھ وابستہ ہیں۔