پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کا پلڑا بھاری
ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز 311 رنز پر ختم کی، جس کے جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر اذان اویس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
ٹروبا: ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز میں مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز 311 رنز پر ختم کی، جس کے جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر اذان اویس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کپتان شان مسعود اور امام الحق نے دوسری وکٹ کے لیے 155 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنائی۔ امام الحق 63 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ بابر اعظم 23 رنز بنا سکے۔
دن کے اختتام پر شان مسعود 88 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، جبکہ سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز 194 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ کیوم ہوج نے 84 اور شائے ہوپ نے 92 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں، جس کی بدولت میزبان ٹیم 311 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
پاکستان کی جانب سے محمد علی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس نے 3، خرم شہزاد نے 2 جبکہ عامر جمال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 112 رنز درکار تھے، جبکہ اس کی سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔