امریکا،ایران کشیدگی میں وقفے کے بعد سونے کی قیمت 4,100 ڈالر سے تجاوز کر گئی
گزشتہ ہفتے بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
لندن: امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی میں وقتی کمی کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث قیمتی دھات نئی بلند سطح پر پہنچ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کاروبار کے دوران سونے کی قیمت میں ایک موقع پر تقریباً 1.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد فی اونس قیمت 4,100 ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ ہفتے بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیاں عارضی طور پر روک دی ہیں، جبکہ ایران کی جانب سے بھی فوری جوابی کارروائی نہ کرنے کے اشارے سامنے آئے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں وقتی کمی دیکھی گئی۔
دوسری جانب ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت سے متعلق مذاکرات بھی ہوئے، جس کے بعد عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور مہنگائی کے خدشات میں کچھ کمی آئی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ خطے میں کشیدگی میں عارضی کمی آئی ہے، تاہم سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کے باعث اب بھی محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کو ترجیح دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں اس کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔