سپین اور فرانس میں ہیٹ ویو کا نیا الرٹ،درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کا خدشہ
سپین میں فائر فائٹرز مختلف علاقوں میں پھیلی بڑی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ بعض مقامات پر آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔
میڈرڈ: سپین اور فرانس میں شدید گرمی کی لہر کے باعث موسمی الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سپین کے محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرم موسم کم از کم اتوار تک برقرار رہ سکتا ہے۔ حکام نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات میں اضافے سے بھی خبردار کیا ہے۔
سپین میں فائر فائٹرز مختلف علاقوں میں پھیلی بڑی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ بعض مقامات پر آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔
دوسری جانب فرانس کے جنوب مغربی علاقوں میں ہیٹ ویو کے باعث الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں بدھ کے روز گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
فرانس کے شہر بوردو کے قریب جنگلاتی آگ کے پھیلاؤ نے حکام کی تشویش بڑھا دی ہے۔ بوردو کے میئر کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی جا رہی ہے، کیونکہ آگ شہر کے قریب پہنچ چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سپین اور فرانس میں جنگلاتی آگ کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ میڈرڈ کے مغربی علاقوں میں پھیلنے والی آگ سے متاثرہ افراد کے انخلا کا عمل بھی جاری رہا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ ملک کو انتہائی خطرناک جنگلاتی آگ کا سامنا ہے، جو حالیہ دہائیوں کے بڑے چیلنجز میں شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی، خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث یورپ کے مختلف علاقوں میں جنگلاتی آگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے، جبکہ حکام صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔