ماسکو میں علامہ اقبالؒ کے 149ویں یومِ پیدائش پر بین الاقوامی مشاعرہ، روسی طلبہ کی اردو میں کلامِ اقبال پیشکش

پاکستانی سفارت خانے اور مقامی یونیورسٹی کے مشترکہ اہتمام میں تقریب، سفارت کاروں، دانشوروں، شعرا اور اقبال کے اہلِ خانہ کی شرکت

November 9, 2026 · بام دنیا

ماسکو میں علامہ اقبالؒ کے 149ویں یومِ پیدائش پر بین الاقوامی مشاعرہ، روسی طلبہ کی اردو میں کلامِ اقبال پیشکش

ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں سفارت خانہ پاکستان اور مقامی یونیورسٹی کے مشترکہ اہتمام سے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے بین الاقوامی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارت کاروں، دانشوروں، شعرا، علامہ اقبال کے اہلِ خانہ اور روسی طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے علامہ اقبالؒ کو اپنے عہد سے آگے دیکھنے والا عظیم مفکر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبالؒ کا محبت، جرأت اور خودی کا پیغام آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

سفیر پاکستان نے علامہ اقبالؒ کی شہرۂ آفاق نظم ’مسجدِ قرطبہ‘ کے اشعار بھی سنائے اور اردو زبان میں کلامِ اقبال پیش کرنے والے روسی طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب میں علامہ اقبالؒ کے پوتے میاں اقبال صلاح الدین اور پروفیسر ولید اقبال نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے اقبالؒ کے فلسفۂ انقلاب، تصورِ قومیت اور انسان دوستی پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر ڈاکٹر خرم الٰہی نے علامہ اقبالؒ کی تصنیف ’جاوید نامہ‘ میں تخیلاتی خلائی سفر اور سیارۂ مریخ کے تصور پر گفتگو کی، جبکہ یونیورسٹی کی وائس ریکٹر پروفیسر ویرا زابوتکینا نے اقبالؒ کے فلسفۂ حیات اور فکری و اخلاقی ترقی کے نظریات کو سراہا۔

مشاعرے کے دوران روسی طلبہ نے اردو زبان میں کلامِ اقبال پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ تقریب کو پاکستان اور روس کے درمیان ادبی و ثقافتی روابط کے فروغ کی ایک اہم کاوش قرار دیا گیا۔