وسیم اکرم کا پالتو کتا لاپتہ،تلاش کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے انعام کا اعلان
آخری بار ڈی ایچ اے فیز 8 کے علاقے میں دیکھا گیا تھا۔ کتے کا سراغ دینے والے شخص کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
کراچی: سابق قومی کرکٹ کپتان اور عظیم آل راؤنڈر وسیم اکرم کا پالتو کتا لاپتہ ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے مالکان نے عوام سے مدد کی اپیل کی ہے۔
وسیم اکرم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق بلیک جرمن شیپرڈ نسل کا کتا “ڈیوک” کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 سے گم ہوا ہے۔
مالکان کے مطابق ڈیوک مکمل سیاہ رنگ کا لانگ کوٹ جرمن شیپرڈ ہے، جسے آخری بار ڈی ایچ اے فیز 8 کے علاقے میں دیکھا گیا تھا۔ کتے کا سراغ دینے والے شخص کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
کتے کے مالکان نے علاقے کے رہائشیوں، سیکیورٹی گارڈز اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اطراف کے باغات، پارکس، گلیوں، چھتوں اور گیراجوں میں کتے کی تلاش میں مدد کریں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق گمشدہ کتے کا سراغ مل گیا ہے اور جلد ہی اس کی واپسی متوقع ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔