شاہد آفریدی کا کراچی کے مسائل پر اظہارِ تشویش، بہتری کے لیے اقدامات کا مطالبہ
کئی ماہ بعد کراچی آئے اور انہیں امید تھی کہ شہر میں بہتری اور ترقیاتی کام نظر آئیں گے، تاہم صورتحال میں نمایاں تبدیلی دکھائی نہیں دی۔
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی حالت دیکھ کر مایوسی ہوتی ہے۔
شاہد آفریدی، جن کا تعلق کراچی سے ہے، نے ایک انٹرویو میں شہر میں سڑکوں کی خراب حالت، صفائی کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست رفتاری پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
سابق کرکٹر نے بتایا کہ وہ کئی ماہ بعد کراچی آئے اور انہیں امید تھی کہ شہر میں بہتری اور ترقیاتی کام نظر آئیں گے، تاہم صورتحال میں نمایاں تبدیلی دکھائی نہیں دی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کورنگی سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں مسائل دیکھ کر افسوس ہوا۔ ان کے مطابق کراچی ایک بڑا معاشی مرکز ہے جو لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے، اس لیے شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی، سائٹ ایریا اور یونیورسٹی روڈ سمیت کئی علاقوں میں طویل عرصے سے ترقیاتی کام جاری ہیں، جنہیں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق کپتان نے حکام سے اپیل کی کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر کو بہتر بنایا جا سکے۔