سپریم کورٹ میں اے آئی سے کازلسٹ تیار کرنے کامنصوبہ شروع
اے آئی کے ذریعے مقدمات مقرر ہونے سے انسانی عمل دخل ختم ہو جائے گا
فائل فوٹو
سپریم کورٹ میں مقدمات مقرر کرنے کا اختیار مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو منتقل کرنے پر کام جاری ہے۔
یہ بات سپریم کورٹ کے سیکریٹری ٹو چیف جسٹس مشتاق احمد نے سپریم کورٹ سروسز پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر رجسٹرار سپریم کورٹ سہیل لغاری بھی موجود تھے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ مقدمات مقرر کرنے کا اختیار اے آئی کو منتقل کرنے پر کام کر رہی ہے اور اے آئی پالیسی کے مطابق مقدمات مقرر کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کے ذریعے مقدمات مقرر ہونے سے انسانی عمل دخل ختم ہو جائے گا۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ مجموعی طور پر 35 سروسز فراہم کر رہی ہے، جن میں سے بیشتر کو آن لائن کر دیا گیا ہے، مزید 12 سروسز کو آن لائن کرنے پر کام جاری ہے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ سہیل لغاری نے کہا کہ نیب سے متعلق حالیہ فیصلے کے بعد مقدمات کی کیٹگرائزیشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت سپریم کورٹ میں نیب کے تقریباً 300 مقدمات موجود ہیں۔