عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم سے متعلق بڑا فیصلہ متوقع

صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں اور اس مقصد کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

July 30, 2026 · اسپورٹس

 خیبرپختونخوا حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان پشاور میں واقع عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کے انتظامی معاملات سے متعلق رابطے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان اس حوالے سے مذاکرات کے متعدد ادوار ہو چکے ہیں، جن میں مختلف شرائط اور انتظامی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق صوبائی حکومت اس حوالے سے دیگر بڑے کرکٹ اسٹیڈیمز کے انتظامی معاہدوں کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ مستقبل کے لیے مناسب حکمتِ عملی اختیار کی جا سکے۔

مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترند نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں اور اس مقصد کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کے انتظامی ماڈلز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم فی الحال عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے اور کسی بھی حتمی فیصلے کا اعلان باہمی اتفاقِ رائے کے بعد کیا جائے گا۔