کاکروچ پارٹی سربراہ کو بی جے پی میں شامل نہ ہونے پر دھمکیاں

اگر وہ پارٹی میں شامل ہو جائیں تو ان اور ان کے خاندان کے لیے حالات بہتر ہوں گے، بصورت دیگر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

July 30, 2026 · بام دنیا

چھترپتی سمبھاجی نگر: کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھجیت دیپکے نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت کے لیے مبینہ طور پر دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ابھجیت دیپکے نے الزام عائد کیا کہ انہیں ایک پیغام کے ذریعے بی جے پی میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی، جس میں مبینہ طور پر کہا گیا کہ اگر وہ پارٹی میں شامل ہو جائیں تو ان اور ان کے خاندان کے لیے حالات بہتر ہوں گے، بصورت دیگر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان الزامات کو عوام کے سامنے لانا ضروری سمجھتے ہیں اور اس معاملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ابھجیت دیپکے نے بابا رام دیو کے حالیہ بیان پر بھی ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تعلیم، جمہوریت اور طلبہ کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا غلط سمجھا جاتا ہے تو وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بابا رام دیو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے معاملات پر توجہ دینی چاہیے۔

ابھجیت دیپکے نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے والدین کو بھی مبینہ طور پر دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔ انہوں نے طلبہ احتجاج، امتحانی بے ضابطگیوں اور حکومتی پالیسیوں پر بھی تنقید کی۔

واضح رہے کہ یہ تمام الزامات ابھجیت دیپکے کی جانب سے پریس کانفرنس میں عائد کیے گئے ہیں، جن پر متعلقہ حکام یا بی جے پی کی جانب سے اس خبر کے وقت تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔