فیفا نے نجی سرمایہ کاری کا متنازع منصوبہ واپس لے لیا

منصوبے کے تحت فیفا کی 211 رکن فٹبال ایسوسی ایشنز کو حمایت کے بدلے مالی معاونت دینے کی تجویز پیش کی گئی تھی

August 1, 2026 · اسپورٹس

عالمی فٹبال کی تنظیم فیفا نے شدید مخالفت کے بعد ورلڈ کپ سمیت بڑے فٹبال ٹورنامنٹس میں نجی سرمایہ کاری شامل کرنے کا متنازع منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ اس تجویز کے باعث فٹبال برادری میں اختلافات پیدا ہوئے، اس لیے اسے مزید آگے بڑھانا کھیل کے مفاد میں نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق منصوبے کے تحت فیفا کی 211 رکن فٹبال ایسوسی ایشنز کو حمایت کے بدلے مالی معاونت دینے کی تجویز پیش کی گئی تھی، تاہم یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن اور کونکاکاف سمیت کئی اداروں نے اس کی مخالفت کی۔

یوئیفا کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ اگر یہ منصوبہ نافذ کیا گیا تو بعض رکن ممالک ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر غور کر سکتے ہیں۔

اس معاملے پر فیفا کے اندر بھی اختلافات سامنے آئے۔ فیفا کے ایک سینئر مشیر کارلوس کورڈیرو نے منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عہدہ چھوڑ دیا، جبکہ انتظامی سطح پر بھی خدشات ظاہر کیے گئے۔

شدید دباؤ کے بعد جیانی انفانٹینو نے کہا کہ فیفا مستقبل کے فیصلے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے کرے گا تاکہ فٹبال کے مفاد کو ترجیح دی جا سکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاملہ فیفا کی قیادت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب آئندہ فیفا صدارتی انتخاب بھی قریب آ رہا ہے۔