شاہین آفریدی لنکا پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس پہنچ گئے

پہلی مرتبہ لنکا پریمیئر لیگ میں شریک ہوئے، جہاں وہ کینڈی رائلز کی نمائندگی کر رہے تھے

August 3, 2026 · اسپورٹس

لاہور: پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ذاتی وجوہات کی بنا پر لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے این او سی حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ لنکا پریمیئر لیگ میں شریک ہوئے، جہاں وہ کینڈی رائلز کی نمائندگی کر رہے تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 6 میچز کھیل کر 7 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کے بولنگ اٹیک میں مؤثر کردار ادا کیا۔

چند روز قبل کولمبو کیپیٹلز کے خلاف میچ میں انتظامی غلطی کے باعث شاہین کا نام سرکاری ٹیم شیٹ میں شامل نہ ہو سکا، جس کی وجہ سے وہ امپیکٹ پلیئر کے طور پر بھی میدان میں نہ اتر سکے۔ بعد ازاں کینڈی رائلز انتظامیہ نے اس غلطی پر معذرت کرتے ہوئے اسے انتظامی کوتاہی قرار دیا، جس کے بعد شاہین نے ٹیم کے لیے کھیلنا جاری رکھا۔

ذرائع کے مطابق اس بار شاہین شاہ آفریدی کی وطن واپسی کا تعلق اس واقعے سے نہیں بلکہ ان کی ذاتی مصروفیات سے ہے۔

اطلاعات ہیں کہ اگر کینڈی رائلز ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیتی ہے تو شاہین شاہ آفریدی کی دوبارہ ٹیم میں شمولیت کا امکان موجود ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔