رونالڈو کی شادی میں مہمان سیاہ لباس کیوں پہنیں گے؟
دونوں کی شادی 8 اگست کو پرتگال کے جزیرے مادیرا کے دارالحکومت فونشال میں ہونے کا امکان ہے،
لزبن: پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی شریکِ حیات بننے والی جورجینا روڈریگز کی متوقع شادی سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن میں مہمانوں کے لیے سیاہ لباس پہننے کی شرط بھی شامل بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی شادی 8 اگست کو پرتگال کے جزیرے مادیرا کے دارالحکومت فونشال میں ہونے کا امکان ہے، جہاں ایک تاریخی چرچ اور قریبی فائیو اسٹار ہوٹل کو نجی تقریب کے لیے مخصوص کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ دعوت نامے میں تمام مہمانوں سے مکمل سیاہ لباس پہن کر تقریب میں شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔ اگرچہ اس حوالے سے رونالڈو یا جورجینا کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم مبصرین کے مطابق اس کا مقصد دلہن کے سفید عروسی لباس کو نمایاں کرنا ہو سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب کے باعث ہوٹل کی بعض منزلیں اور سہولیات عام مہمانوں کے لیے عارضی طور پر بند رکھی جائیں گی۔
کرسٹیانو رونالڈو اور جورجینا روڈریگز 2016 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، جبکہ گزشتہ برس رونالڈو نے انہیں شادی کی پیشکش کی تھی۔ حالیہ عرصے میں دونوں کی منگنی کی انگوٹھیوں کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شادی مذہبی انداز میں چرچ میں منعقد ہو سکتی ہے اور اس میں کھیل اور شوبز کی متعدد عالمی شخصیات کی شرکت متوقع ہے، تاہم مدعو مہمانوں کی فہرست اور تقریب کی تفصیلات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
مداح اب اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا یہ تقریب مکمل طور پر نجی رکھی جائے گی یا شادی کی تصاویر اور دیگر جھلکیاں عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔