انڈر 15 اور انڈر17 کرکٹ ٹرائلز 8 اگست سے کراچی میں شروع

کراچی زون 3 کے اوپن ٹرائلز، نوجوان کھلاڑیوں کیلیے صلاحیت دکھانے کا موقع

August 3, 2026 · اسپورٹس

کراچی: ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون 3 کے زیر اہتمام انڈر 15 اور انڈر 17 ٹیموں کے انتخاب کے لیے اوپن ٹرائلز 8 سے 10 اگست 2026 تک کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس، نزد ٹاور کراچی میں منعقد کیے جائیں گے۔ٹرائلز روزانہ صبح 8:30 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک جاری رہیں گے۔

ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون 3 کے صدر افضل قریشی نے کہا کہ کراچی کے کسی بھی علاقے سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز ٹرائلز میں شرکت کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن گراؤنڈ میں کی جائے گی، جبکہ منتخب کھلاڑیوں سے بعد ازاں ضروری دستاویزات طلب کی جائیں گی۔ تمام کھلاڑیوں کو سفید کرکٹ کٹ اور اسپورٹس شوز پہن کر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیکرٹری زامن علی کے مطابق اگر کسی کھلاڑی کی پہلے دن کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہو تو اسے باقی دو دن بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جائے گا۔ کھلاڑی 8، 9 یا 10 اگست میں سے کسی ایک دن یا تینوں دن ٹرائلز میں شرکت کر سکتے ہیں۔

خازن اختر فہیم نے کہا کہ ٹرائلز کا مقصد کراچی کے ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتیں دکھانے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دینا ہے۔

ٹرائلز کے اختتام پر منتخب کھلاڑیوں پر مشتمل انڈر 15 اور انڈر 17 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جن کے درمیان باقاعدہ ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔

ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون 3 کے عہدیداران نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔