مائیکل اسمتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ مقرر
46 سالہ مائیکل اسمتھ دو سال کے معاہدے کے تحت ریڈ بال اور وائٹ بال، دونوں قومی ٹیموں کے ساتھ بطور بیٹنگ کوچ خدمات انجام دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر مائیکل اسمتھ کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق 46 سالہ مائیکل اسمتھ دو سال کے معاہدے کے تحت ریڈ بال اور وائٹ بال، دونوں قومی ٹیموں کے ساتھ بطور بیٹنگ کوچ خدمات انجام دیں گے۔
مائیکل اسمتھ اپنے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں مجموعی طور پر 7 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں، جن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
وہ لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن رکھتے ہیں اور اس سے قبل ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی متعدد فرنچائزز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہنے کے علاوہ ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے ساتھ بھی بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق مائیکل اسمتھ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 19 اگست سے شروع ہوگی۔