بابر اعظم نے عبداللہ شفیق کو ’’کتابی‘‘ کیوں کہا؟ ایان بشپ نے راز کھول دیا
عبداللہ شفیق نے اپنی ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی، جبکہ بابر اعظم بھی نصف سنچری کے قریب پہنچ گئے۔
کراچی: پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم اور بلے باز عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ نے نہ صرف شائقین کرکٹ بلکہ معروف ویسٹ انڈین کمنٹیٹر اور سابق فاسٹ بولر ایان بشپ کو بھی متاثر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے اہم شراکت قائم ہوئی، جس میں عبداللہ شفیق نے اپنی ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی، جبکہ بابر اعظم بھی نصف سنچری کے قریب پہنچ گئے۔
میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے ایان بشپ نے عبداللہ شفیق کے منفرد لقب ’’کتابی‘‘ کی دلچسپ وجہ بیان کی۔ ان کے مطابق بابر اعظم عبداللہ شفیق کو یہ لقب ان کی بہترین اور نصابی کتاب جیسی بیٹنگ تکنیک کی وجہ سے دیتے ہیں۔
ایان بشپ نے کہا کہ عبداللہ شفیق کی تکنیک نوجوان کرکٹرز کے لیے مثال ہے اور ان کی بیٹنگ انداز ایسا ہے جسے کرکٹ کی نصابی کتاب میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کا یہ تبصرہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جہاں کرکٹ شائقین نے نہ صرف بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کی بیٹنگ کو سراہا بلکہ ایان بشپ کی معلومات اور اندازِ گفتگو کی بھی تعریف کی۔