دوسرا ٹیسٹ : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا،سیریز برابر

اسپنرز علی عثمان اور ساجد خان نے چار، چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی.

August 5, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

پورٹ آف اسپین:پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ،عبداللہ شفیق کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، بیرونِ ملک مسلسل آٹھ ٹیسٹ شکستوں کے بعد فتح حاصل کر لی۔

پورٹ آف اسپین میں ٹیسٹ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 103 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پاکستانی بولرز نے جادوئی گیندبازی سے انہیں قابو کیے رکھا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 47 اوور کھیل کر 117 رنز بنانے کے بعد آل آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کے ایک بیٹر برینڈن کنگ زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ کےلیے نہ آئے۔

ہوم ٹیم کی جانب سے کیویم ہوج 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ٹیگنارائن چندرپال اور روسٹن چیز نے 17، 17 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنرز علی عثمان اور ساجد خان نے چار، چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک وکٹ فاسٹ بولر محمد علی کے حصے میں آئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا 75 رنز کا ہدف پاکستان نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ امام الحق 9 اور اذان اویس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عبداللہ شفیق 24 اور کپتان بابر اعظم 24 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور ٹیم کو فتح دلائی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ یہ پاکستان کی 2023 میں سری لنکا کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کے بعد بیرونِ ملک پہلی ٹیسٹ فتح بھی ہے، جس نے ٹیم کے اعتماد میں اہم اضافہ کیا ہے۔

ویسٹ انڈیز ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں عبداللہ شفیق کے ناقابلِ شکست 160، بابر اعظم کے 88، نوجوان اذان اویس کے 55 اور ساجد خان کے 30 رنز کے بدولت 387 رنز بنائے اور ہوم ٹیم پر 43 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

 

خیال رہے کہ  پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو باآسانی شکست دے کر 2 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔