آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے کوالیفائرز کا شیڈول طے پاگیا
10 ٹیموں پر مشتمل کوالیفائر 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک کھیلا جائے گا۔
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 ون ڈے ورلڈکپ کوالیفائر کے انعقاد کی تاریخوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 10 ٹیموں پر مشتمل کوالیفائر 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک کھیلا جائے گا تاہم ٹورنامنٹ کے میزبان ملک کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔
آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے تحت کوالیفائر جیتنے والی ٹیم براہِ راست 14 ٹیموں پر مشتمل ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ بنائے گی جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں سپر سیریز میں حصہ لیں گی جہاں صرف ایک ٹیم کو مرکزی 14 ٹیموں کے مرحلے تک رسائی ملے گی۔
ون ڈے ورلڈکپ 4 اکتوبر سے 11 نومبر تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 مختلف مقامات پر کھیلا جائے گا۔
Cricinfo has learned that while the ICC has finalised the tournament dates, the venue for 2027 ODI World Cup Qualifier remains undecided https://t.co/t23nVZZbei pic.twitter.com/9zijFGhDWM
— Cricinfo (@cricinfo) August 5, 2026
کوالیفائر میں دو کم ترین رینکنگ والی مکمل رکن ٹیموں کے علاوہ کرکٹ ورلڈکپ لیگ ٹو کی چار بہترین اور ورلڈکپ کوالیفائر پلے آف سے کوالیفائی کرنے والی چار ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ویسٹ انڈیز کی براہِ راست ورلڈ کپ میں رسائی بھی غیر یقینی ہے۔
ٹیم اس وقت آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود ہے تاہم ستمبر میں بھارت کے خلاف دو ون ڈے میچز کے نتائج اس کی قسمت کا فیصلہ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔