تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی جاں بحق، متعدد زخمی

یہ واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی کولوک کے سانتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا۔

August 6, 2026 · اسپورٹس
تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی جاں بحق، متعدد زخمی

تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی جاں بحق، متعدد زخمی

بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک مقامی فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک 24 سالہ فٹبالر جان کی بازی ہار گیا جبکہ 12 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی کولوک کے سانتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا۔ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے میدان میں موجود کھلاڑی اور دیگر افراد متاثر ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق 24 سالہ فٹبالر سوفوان آوائے شدید زخمی ہوئے، جنہیں ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں ایک ملائیشین کھلاڑی بھی شامل ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سوفوان آوائے مقامی سیمکولٹس ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے اور حال ہی میں تھائی لینڈ کے تھرڈ ڈویژن کلب یالا ایف سی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ کلب انتظامیہ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں مون سون کے موسم کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نسبتاً زیادہ پیش آتے ہیں، جن کے باعث ہر سال جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔