قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نیدرلینڈز روانہ
ہاکی ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیم میں منعقد ہوگا، جہاں پاکستانی ٹیم اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی
لاہور: پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم عالمی کپ میں شرکت کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیدرلینڈز اور بیلجیم کے لیے روانہ ہوگئی۔
ہاکی ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیم میں منعقد ہوگا، جہاں پاکستانی ٹیم اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی اور کامیابی کے لیے میدان میں اترے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے مالی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ پی ایچ ایف کے مطابق کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے کا فارن ڈیلی الاؤنس جاری کیا گیا، جس کی رقم ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سفر سے متعلق تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے لیے سفری سہولیات، رہائش اور کھانے پینے سمیت دیگر ضروری انتظامات بھی مکمل ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کی فلاح و بہبود فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کی روانگی سے قبل تمام مالی اور انتظامی معاملات کو مکمل کرلیا گیا ہے۔
قومی ٹیم ورلڈ کپ میں بھرپور تیاری اور کامیابی کے عزم کے ساتھ شرکت کرے گی، جبکہ شائقین کو پاکستانی کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔