میر رضا قتل کیس میں غفلت برتنے پر ایس ایچ اور ایس ڈی پی او معطل
فرائض میں غفلت پر پولیس افسران کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ایڈیشنل آئی جی
فائل فوٹو
کراچی: میر رضا کیس میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او گلستان جوہر اور ایس ڈی پی او شارع فیصل ایسٹ زون کو معطل کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی کو فرائض میں غفلت اور بدانتظامی پر ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات پر معطل کرکے عہدے میں تنزلی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ایس ڈی پی او شارع فیصل ایسٹ زون محمد ارشد آفریدی کو بھی معطل کردیا گیا ہے انہیں بھی ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی جانب سے جاری احکامات بعد معطل کردیا گیا۔
اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کا کہنا ہے کہ فرائض میں غفلت پر پولیس افسران کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط اور احتساب کے اصولوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، کسی بھی افسر کی جانب سے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افسران کو میر رضا علی کیس میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ میر رضا علی کا 28 جولائی کو جن افراد سے رابطہ ہوا تھا، پولیس نے ان افراد سے تفتیش کا فیصلہ کیا ہے، تفتیشی ذرائع کے مطابق 28 جولائی کو آخری فون کالز اور میسجز بھیجنے والے افراد سے تفتیش کا فیصلہ کیا گیا ہے، میر رضا علی نے اس روز تین ٹیلیفون کالز پر دو افراد سے بات چیت کی تھی۔
فتیشی ذرائع نے بتایا کہ میر رضا علی نے 28 جولائی کی شب 2:13 اور 2:16 بجے فون پر علی نامی شخص سے بات چیت کی جبکہ اس نے آخری فون کال اپنے دوست عبداللہ کی ریسیو کی، میر رضا علی اور عبداللہ کے درمیان 3 منٹ سے زیادہ بات ہوئی۔