سندھ میں 7 وزیراعلیٰ ہونےچاہئیں،مصطفیٰ کمال
اگلے جشن آزادی سے پہلے ہم سب آزاد ہوں گے , جلسے سے خطاب
فائل فوٹو
کراچی : وفاقی وزیر صحت و رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ میں سات وزیراعلیٰ ہونےچاہئیں، اگلے جشن آزادی سے پہلے ہم سب آزاد ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سرجانی ٹاؤن کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی تبدیلی نہیں آرہی اسی نظام میں رہتے ہوئے ڈی سینٹرئلائزڈ نظام کر رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بائیس ہزار ارب سندھ حکومت کو ملے مگر رہنے کی بدترین جگہوں میں کراچی تیسرے نمبر پر آگیا یہ بائیس ہزار ارب روپے اب سندھ میں سات وزرائے اعلیٰ کے پاس آئیں گے اور گلی محلوں تک اختیارات جائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پر واضح کردیا ہے کہ ہم انتظامی یونٹس کی بات کرنے والی ہر تحریک کا حصہ ہوں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جب پاکستان بنا تو آبادی 4 کروڑ تھی، آج پاکستان کی آبادی 24 کروڑ ہوگئی لیکن صوبے 4 ہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، 20 لاکھ جانوں کی قربانی کے بعد پاکستان قائم ہوا۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ 40 سال سے 98 فیصد پاکستانیوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی پر واضح کردیا کہ ایم کیو ایم انتظامی یونٹس کی بات کرنے والی ہر تحریک کا حصہ ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے آئینی ترمیم پر معاہدہ ہوا کہ اختیار نچلی سطح تک منتقل ہوں، وزیراعظم سمیت تمام سیاسی جماعتیں اختیارات کی نچلی سطح منتقلی کےلیے تیار ہیں۔