پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،5 دہشت گرد ہلاک
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، مختلف اقسام کا بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرکینی اور چھیدگی کے علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ ایک اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، مختلف اقسام کا بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں مبینہ طور پر بھتہ خوری، لوٹ مار، اغوا اور دیگر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔