پاکستان کی انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی تیاری،قومی ٹیم کی پریکٹس آج سے شروع

صبح 9 بج کر 30 منٹ پر ٹریننگ کرے گی۔ پاکستان اور سلیکٹ الیون کے درمیان چار روزہ پریکٹس میچ 12 سے 15 اگست تک کھیلا جائے گا

August 10, 2026 · اسپورٹس

لندن: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم دو روز آرام کے بعد آج بیکہنم کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کا آغاز کرے گی۔

قومی ٹیم مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 30 منٹ پر ٹریننگ کرے گی۔ پاکستان اور سلیکٹ الیون کے درمیان چار روزہ پریکٹس میچ 12 سے 15 اگست تک کھیلا جائے گا، جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہوگا۔

انگلی کی انجری سے صحت یاب ہونے والے پاکستانی بیٹر شان مسعود کی پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔ سعود شکیل بھی فٹنس مسائل کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں حصہ نہیں لے سکے تھے، تاہم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ان کی واپسی ہوگی۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ جو روٹ نے دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھال لی ہے، جبکہ نئے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ سیریز مکمل ہونے کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اس دوران مارکس ٹریسکوتھک عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے انگلش ٹیم کی نگرانی کریں گے۔