آزادکشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ،باغ میں بڑے سیاسی برج الٹ گئے،ضیاء قمر اور ساجد اقبال کامیاب

یہ نتیجہ مسلم کانفرنس کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ غربی باغ کی یہ نشست طویل عرصے سے مسلم کانفرنس کے پاس رہی ہے۔

August 11, 2026 · اہم خبریں

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کہوٹہ کی 4 نشستوں پر ہونے والی پولنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں، جن میں کئی اہم سیاسی شخصیات کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

حلقہ ایل اے 14 غربی باغ میں عوامی دست و بازو پارٹی کے امیدوار ساجد اقبال نے مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کو شکست دے دی۔ ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے جبکہ سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ لے سکے۔

یہ نتیجہ مسلم کانفرنس کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ غربی باغ کی یہ نشست طویل عرصے سے مسلم کانفرنس کے پاس رہی ہے۔ سابق صدر و وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان بھی اسی حلقے سے کئی مرتبہ کامیاب ہو چکے ہیں۔

ساجد اقبال کی کامیابی کے بعد مسلم کانفرنس کئی دہائیوں بعد آزاد کشمیر اسمبلی میں اپنی نمائندگی سے محروم ہوگئی ہے۔ گزشتہ انتخابات میں بھی مسلم کانفرنس کی جانب سے صرف سردار عتیق احمد خان ہی کامیاب ہوئے تھے۔

ایل اے 15 وسطی باغ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ضیاء قمر نے 16 ہزار 637 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15 ہزار 15 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ جماعت اسلامی کے بریگیڈیئر راجا محمد خان نے 12 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سابق وزیراعظم اور صدر آئی پی پی آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اس حلقے میں چوتھے نمبر پر رہے۔ گزشتہ عام انتخابات میں سردار تنویر الیاس نے 19 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی، تاہم نااہلی کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں ضیاء قمر کامیاب ہوئے تھے۔

ایل اے 16 شرقی باغ میں 186 میں سے 174 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر 18 ہزار 950 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے سردار قمرالزمان خان 15 ہزار 750 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس حلقے کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ مکمل ہونے تک حلقے کا حتمی نتیجہ روک دیا ہے۔ بعض پولنگ اسٹیشنز پر کشیدگی اور ووٹرز کے بائیکاٹ کے باعث پولنگ کا عمل متاثر ہوا تھا۔

ایل اے 17 حویلی کہوٹہ کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور 31 ہزار 839 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے 28 ہزار 975 ووٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ طارق سعید 8 ہزار 295 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا۔

ابتدائی نتائج میں چوہدری محسن عزیز کو برتری حاصل تھی، تاہم بعد میں آنے والے نتائج میں فیصل ممتاز راٹھور نے سبقت حاصل کرلی۔

حلقہ کامیاب امیدوار ووٹ دوسرے نمبر پر ووٹ
ایل اے 14 غربی باغ ساجد اقبال 40,702 سردار عتیق احمد خان 19,542
ایل اے 15 وسطی باغ ضیاء قمر 16,637 مشتاق منہاس 15,015
ایل اے 16 شرقی باغ سردار میر اکبر 18,950 سردار قمرالزمان خان 15,750
ایل اے 17 حویلی کہوٹہ فیصل ممتاز راٹھور 31,839 چوہدری محسن عزیز 28,975