آئی سی سی نے جولائی کے پلیئر آف دی منتھ کے امیدواروں کا اعلان کردیا
ایوارڈ کے امیدواروں میں ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز، انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن شامل ہیں۔
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جولائی 2026 کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔
ایوارڈ کے امیدواروں میں ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز، انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن شامل ہیں۔
جسٹن گریوز نے جولائی کے دوران سری لنکا اور پاکستان کے خلاف نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس سے ویسٹ انڈیز کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرنے میں مدد ملی۔
انگلینڈ کے ہیری بروک نے بھارت کے خلاف پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 229 رنز بنائے۔ ان کی بیٹنگ اوسط 114.50 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 214.01 رہا، جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
بنگلا دیش کے تنزید حسن نے بھی جولائی میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچز میں 159 رنز بنائے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 140 رنز اسکور کیے۔
تنزید حسن دونوں فارمیٹس کی سیریز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔ تینوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے فاتح کا انتخاب کیا جائے گا۔