مال روڈ راولپنڈی میں فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوا، پولیس

ہلاک حملہ آور کا تعلق مخصوص سیاسی جماعت سے تھا، موبائل فون اور سامان سے اہم شواہد مل گئے ، ترجمان پولیس

August 11, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی : مال روڈ راولپنڈی میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور جوابی کارروائی میں حملہ آور کی ہلاکت کے معاملے پر راولپنڈی پولیس کا اہم سرکاری بیان سامنے آ گیا ہے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق 11 اگست کو دن 11 بج کر 15 منٹ پر مال روڈ پر محمد حسین نامی شخص نے سیکیورٹی فورسز پر اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ ٹیم کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور محمد حسین کو جوابی فائرنگ کر کے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔

ترجمان پولیس نے مزید انکشاف کیا کہ ہلاک دہشت گرد محمد حسین کے قبضے سے برآمد کیے گئے موبائل فون اور دیگر سامان سے تفتیش کے دوران اہم شواہد سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ دہشت گرد محمد حسین کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تھا۔ معاملے کی مزید قانونی اور برآمد شدہ شواہد کی روشنی میں تفتیش جاری ہے۔