کرسٹیانو رونالڈو نے دیرینہ ساتھی جورجینا روڈریگز سے شادی کرلی

جوڑے نے تقریب کو محدود اور نجی رکھا اور شادی کی باقاعدہ تفصیلات بھی زیادہ شیئر نہیں کیں۔

August 12, 2026 · اسپورٹس

پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے تقریباً ایک دہائی تک ساتھ رہنے کے بعد اپنی دیرینہ ساتھی جورجینا روڈریگز سے شادی کرلی۔

رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور جورجینا روڈریگز نے 11 اگست کو پرتگال کے شہر کاسکائش میں ایک نجی سول تقریب کے دوران شادی کی۔ جوڑے نے تقریب کو محدود اور نجی رکھا اور شادی کی باقاعدہ تفصیلات بھی زیادہ شیئر نہیں کیں۔

رونالڈو اور جورجینا نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی انگوٹھیوں کی تصویر شیئر کرکے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کیا، جس کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

دونوں کی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جب جورجینا ایک معروف فیشن برانڈ کے اسٹور میں ملازمت کرتی تھیں۔ وقت کے ساتھ ان کا تعلق مضبوط ہوتا گیا اور دونوں تقریباً 10 سال سے ایک ساتھ زندگی گزار رہے تھے۔

رونالڈو اور جورجینا کے خاندان میں پانچ بچے ہیں اور دونوں کئی برس سے ایک دوسرے کے ساتھ مختلف تقریبات اور نجی زندگی میں نظر آتے رہے ہیں۔

شادی سے متعلق قیاس آرائیاں بھی طویل عرصے سے جاری تھیں، تاہم جوڑے نے بالآخر نجی تقریب کے ذریعے اپنے رشتے کو باضابطہ ازدواجی تعلق میں تبدیل کردیا۔