آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،بابراعظم کی ٹاپ 10 میں واپسی
آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے اور جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔
لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستان کے بابراعظم اور عبداللہ شفیق نے بیٹنگ کیٹیگری میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔
تازہ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے اور جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستانی بیٹر بابراعظم نے 5 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے دوبارہ ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے۔ وہ اب ٹیسٹ بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بابراعظم تقریباً دو سال بعد ٹاپ 10 میں واپس آئے ہیں۔
اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق نے بھی رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی اور 25 درجے بہتری کے بعد 32ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان کے سعود شکیل کو رینکنگ میں دو درجے نقصان ہوا اور وہ 26ویں نمبر پر آگئے، جبکہ محمد رضوان ایک درجے تنزلی کے بعد 27ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
شان مسعود تین درجے تنزلی کے بعد 39ویں جبکہ سلمان علی آغا چھ درجے نیچے جانے کے بعد 38ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری دوسرے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 28ویں پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ ساجد خان نے 5 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 30ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ خرم شہزاد بھی ایک درجے ترقی کے بعد 51ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے۔
تازہ رینکنگ میں پاکستانی بیٹرز کی بہتری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں ان کی کارکردگی سے جوڑا جا رہا ہے۔