بنگلادیشی حسن محمود کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا 198 رنز پر ڈھیر

74 رنز کے مجموعی اسکور تک جیک ویدرالڈ 23، ٹریوس ہیڈ 22، کیمرون گرین 13 اور مارنس لبوشین ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

August 13, 2026 · اسپورٹس

ڈارون میں بنگلادیش اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بنگلادیشی فاسٹ بولر حسن محمود نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 198 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے 45 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم اس کے بعد بنگلادیشی بولرز نے مسلسل وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ پر دباؤ بڑھا دیا۔

74 رنز کے مجموعی اسکور تک جیک ویدرالڈ 23، ٹریوس ہیڈ 22، کیمرون گرین 13 اور مارنس لبوشین ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری نے 55 رنز کی شراکت بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم 129 کے مجموعی اسکور پر ایلکس کیری 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اسٹیو اسمتھ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔ بیو ویبسٹر 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نیتھن لیون 7 اور مچل اسٹارک ایک رن بناسکے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 55 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسکین احمد اور عبادت حسین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس کارکردگی کے ساتھ بنگلادیشی فاسٹ بولرز نے دوسری مرتبہ کسی ٹیسٹ اننگز میں آسٹریلیا کی تمام 10 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔

حسن محمود کی 55 رنز کے عوض 6 وکٹیں بنگلادیشی فاسٹ بولر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری بہترین انفرادی بولنگ کارکردگی بھی قرار دی جارہی ہے۔