ایران کرکٹ کی تربیت کے لیے پاکستان سے کوچز لینے کا خواہش مند

اس دورےکےموقع پر پاکستان اورایران کےدرمیان کرکٹ کےفروغ اور باہمی تعاون کےمختلف امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

August 13, 2026 · اسپورٹس

فائل فوٹو

لاہور: اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹرز، قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا۔

ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایرانی کرکٹ ٹیموں کو کوچنگ معاونت فراہم کرنے، پاکستانی کوچز کی جانب سے ایران کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کو تربیتی تجربہ اور مہارت منتقل کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں جانب سے کوچنگ کے علم اور تجربات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔