پاکستان نے آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں 4 تمغے جیت لیے
سب سے نمایاں کامیابی اعصام الحق قریشی نے حاصل کی، جنہوں نے مکسڈ ڈبلز کا عالمی اعزاز مسلسل دوسری مرتبہ جیت لیا۔
لزبن: پاکستان نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر چار تمغے اپنے نام کرلیے۔
چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے سب سے نمایاں کامیابی اعصام الحق قریشی نے حاصل کی، جنہوں نے مکسڈ ڈبلز کا عالمی اعزاز مسلسل دوسری مرتبہ جیت لیا۔
اعصام الحق نے آسٹریا کی نینا ہرمن کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے فائنل میں ٹاپ سیڈ پرتگالی جوڑی کو شکست دی اور اپنے عالمی اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔
مینز 45 پلس ڈبلز میں بھی اعصام الحق اور عقیل خان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے لیے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
پاکستانی ٹیم نے مینز 45 پلس ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں بھی سلور میڈل اپنے نام کیا، جبکہ عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
یوں پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں مجموعی طور پر چار تمغے جیت کر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔