ہاکی ورلڈ کپ،انگلینڈ نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دیدی

انگلینڈ نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور پاکستانی دفاع پر مسلسل دباؤ ڈالا۔

August 16, 2026 · اسپورٹس

آٹھ سال کے وقفے کے بعد ہاکی ورلڈ کپ میں واپسی کرنے والی پاکستانی ٹیم کو اپنے پہلے ہی میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایمسٹرڈیم میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے مقابلے میں انگلینڈ نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور پاکستانی دفاع پر مسلسل دباؤ ڈالا۔ انگلش ٹیم نے میچ میں چار گول اسکور کیے، جبکہ پاکستان کی جانب سے واحد گول آخری کوارٹر میں افراز نے کیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے مضبوط دفاع کے خلاف مؤثر مواقع بنانے میں دشواری پیش آئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے آخری کوارٹر میں گول ضرور کیا گیا، تاہم اس سے میچ کا نتیجہ تبدیل نہ ہوسکا۔

چار مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم آٹھ سال بعد عالمی کپ میں واپس آئی ہے۔ افتتاحی میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے لیے گروپ مرحلے کے آئندہ مقابلے انتہائی اہم ہوگئے ہیں۔

گروپ ڈی میں پاکستان کے ساتھ انگلینڈ، روایتی حریف بھارت اور ویلز شامل ہیں، جبکہ جرمنی ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔

قومی ٹیم کو اگلے میچز میں بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا تاکہ عالمی کپ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کی امید برقرار رکھی جاسکے۔