عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت پھر بڑھ گئی
سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمت تقریباً ایک فیصد بڑھی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور قیمتی دھات کی قیمت 4 ہزار 400 ڈالر فی اونس کی سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی معیشت سے متعلق حالیہ کمزور اعداد و شمار کے باعث ڈالر دباؤ میں آیا، جس کے نتیجے میں عالمی خریداروں کے لیے سونے کی طلب میں اضافہ ہوا۔
رپورٹس کے مطابق سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمت تقریباً ایک فیصد بڑھی تھی۔
امریکا میں صارفین کے اعتماد اور خوردہ فروخت سے متعلق اعداد و شمار میں کمی سامنے آنے کے بعد شرح سود میں فوری اضافے کے امکانات بھی کم ہوئے ہیں۔ عموماً بلند شرح سود سونے کی قیمت کے لیے دباؤ کا باعث بنتی ہے، کیونکہ سونا سرمایہ کاروں کو سود یا باقاعدہ منافع فراہم نہیں کرتا۔
موجودہ صورتحال میں ڈالر کی کمزوری اور امریکی معاشی اعداد و شمار نے سونے کی قیمت کو مزید سہارا دیا ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونا 4 ہزار 400 ڈالر فی اونس کی سطح کے قریب پہنچ گیا۔