لیڈز ٹیسٹ: پہلے روز کا کھیل ختم، انگلینڈ کے 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز

قومی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ، 171 رنز پر آل ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

August 20, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ہیڈ نگلے :پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا، انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ 37 اور جارڈن کاکس 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، جبکہ ایمیلیو 33 اور بین ڈکٹ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور محمد علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 59 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لیڈز ٹیسٹ میں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 171 رنز پر آل ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 61 جبکہ امام الحق نے 42 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کپتان سلمان علی آغا نے 21، خرم شہزاد نے 14 اور محمد رضوان نے 12 رنز بنائے۔

سعود شکیل اور شان مسعود 5،5 رنز بنا سکے، جبکہ علی عثمان اور اذان اویس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی ٹیم انگلش باؤلنگ کے سامنے بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور پہلی اننگز میں 171 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان سلمان علی آغا، امام الحق، اذان اویس، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، محمد رضوان، علی عثمان، خرم شہزاد، محمد علی اور محمد عباس شامل ہیں۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان جو روٹ، ایمیلی گائے، بین ڈکٹ، جارڈن کوکس، ہیری بروک، ڈین لارسن، جیمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، جوفرا آرچر، اولی روبنسن اور جوش ٹنگ شامل ہیں۔