انگلینڈ کے ہاتھوں شکست، سلمان علی آغا نے ٹیم کی خامیوں پر خاموشی توڑ دی
ٹیم میں کئی نوجوان اور کم تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، جنہیں بین الاقوامی سطح پر مزید تجربہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
فائل فوٹو
پاکستان کے قائم مقام کپتان سلمان علی آغا نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ میزبان ٹیم نے کھیل کے تمام شعبوں میں پاکستان پر برتری حاصل کی۔
سلمان علی آغا کے مطابق پاکستانی ٹیم اپنے طے شدہ منصوبے پر مؤثر انداز میں عمل نہیں کرسکی، جبکہ انگلینڈ نے اہم مواقع پر بہتر کھیل پیش کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹیم میں صلاحیت موجود ہے، تاہم کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
قائم مقام کپتان نے انگلینڈ کی کنڈیشنز کو بھی ایک بڑا چیلنج قرار دیا اور کہا کہ ٹیم کو ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے لیے مناسب وقت نہیں مل سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ٹیم کی تشکیل نو کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
سلمان علی آغا نے بولنگ اٹیک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کئی نوجوان اور کم تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، جنہیں بین الاقوامی سطح پر مزید تجربہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپنی اور محمد رضوان سمیت بعض اہم بیٹرز کی حالیہ کارکردگی کو بھی تشویش کا باعث قرار دیا اور کہا کہ بیٹنگ میں رنز نہ بننا ٹیم کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے
دوسری جانب بابر اعظم ہاتھ کی انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی قیادت نہیں کرسکے تھے۔ ان کی جگہ سلمان علی آغا نے قائم مقام کپتان کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ پاکستانی ٹیم کو امید ہے کہ بابر اعظم آئندہ ٹیسٹ کے لیے فٹ ہوکر دوبارہ ٹیم کا حصہ بن سکیں گے۔