ایران پر ممکنہ نئی پابندیاں، برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمتیں گر گئیں
برینٹ خام تیل کی قیمت 1.22 ڈالر کمی کے بعد 93.17 ڈالر فی بیرل پر آگئی،
فائل فوٹو
عالمی مارکیٹ میں پیر کے روز خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرمایہ کار ایران کے خلاف متوقع نئی امریکی پابندیوں سے پہلے منافع وصول کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 1.22 ڈالر کمی کے بعد 93.17 ڈالر فی بیرل پر آگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 1.20 ڈالر کی کمی ہوئی اور یہ 85.86 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے دونوں اہم خام تیل کے سودوں کی قیمتوں میں پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا۔ ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی مذاکرات میں تعطل اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات نے عالمی مارکیٹ میں سپلائی کے حوالے سے بے یقینی پیدا کی تھی۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کی جانب سے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کے اعلان کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایران کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے والے ممالک اور اداروں پر ممکنہ دباؤ کا عندیہ دے چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر نئی پابندیاں ایران کی معاشی سرگرمیوں کو مزید محدود کرنے میں کامیاب ہوئیں تو خطے میں کشیدگی بڑھنے کے ساتھ عالمی توانائی کی منڈی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ ایران نے امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے مسائل کے سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب تجارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی دباؤ اور ممکنہ ناکہ بندی کے باعث چین کو ایرانی تیل کی فروخت کے حوالے سے پیشکشوں میں کمی اور قیمتوں میں اضافے کے رجحان دیکھا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے عراق کی جانب سے متعدد درخواستوں کے بعد بعض عراقی تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت بھی دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ایران کا ردعمل اور امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کی تفصیلات عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔