پمز سانحے کےبعداسلام آباد کے لیے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کا چینی تحفہ

اسلام آبادمیں بلند عمارات میں آگ اور ریسکیو آپریشن مؤثر بنانے میں مددملے گی،ذرائع

August 28, 2026 · قومی

فائل فوٹو

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اسپتال میں دو روز قبل پیش آنے والے اندوہناک سانحے کے بعد شہر کے فائر اینڈ ریسکیو نظام میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور چین نے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں 20 سال پرانی ہوچکی ہیں جو 2006 میں آخری بار خریدی گئی تھیں تاہم چین کی جانب سے اسلام آباد کے لیے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ چین سے ملنے والی فائر گاڑیوں اور آلات کی مالیت 72.31 ملین چینی یوآن ہے، چینی امداد کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 ارب روپے بنتی ہے اور اسی طرح اسلام آباد کو بلند عمارات میں ریسکیو کے لیے جدید اسنارکل فائر ٹینڈر بھی ملے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ نئی فائر گاڑی تقریباً 88 میٹر بلندی تک ریسکیو آپریشن کر سکے گی جبکہ اسلام آباد کے موجودہ فائر ٹینڈر صرف 68 میٹر تک رسائی رکھتے ہیں، 68 میٹر سے 88 میٹر تک توسیع سے اسلام آباد کی فائر ریسکیو صلاحیت میں بڑا اضافہ ہوگا۔

مزید بتایا گیا کہ نئی گاڑیاں ستمبر میں پاکستان پہنچ جائیں گی۔

یاد رہے کہ پمز کی نرسری میں آتشزدگی سے 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے اور اسپتال کے فائر ریسکیو نظام پر سوالات اٹھائے گئے تھے اور ریسکیو کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوگیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ پمز سانحے کے بعد جدید فائر ریسکیو گاڑیوں کی اہمیت مزید نمایاں ہوگئی ہے، کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)  فائر ڈپارٹمنٹ میں آخری بڑی خریداری 2006 میں ہوئی تھی، دو دہائیوں بعد اسلام آباد کے فائر ریسکیو نظام کو جدید بنانے کی تیاری ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2024 کے پاک-چین مفاہمتی یادداشت کے تحت اسلام آباد کو جدید فائر گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، چین کی امداد سے اسلام آباد میں فائر اینڈ ریسکیو کا پرانا نظام جدید ہونے کی راہ پر گامزن ہے اور نئی گاڑیوں سے بلند عمارات میں آگ اور ریسکیو آپریشن مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔